top of page

محض خسارا ہی خسارا ہے

  • Writer: Baithak | بیٹھک
    Baithak | بیٹھک
  • Apr 23, 2020
  • 2 min read

Updated: May 17, 2020

(سبین محبوب/ سبزواری

اس دنیا میں اگر دیکھیں تو نہ کوئی میرا ہے نہ تمہارا ہے ۔ لیکن پھر بھی ہم ایسے سودے کرتے ہیں جن میں خسارا ہی خسارا ہے۔

ree

بہت سادہ سا اصول رکھا تھا میرے اللہ نے جنّت کمانے کا، یعنی "امر بالمعروف و نہی عن المنکر" ۔ اس کو سمجھنے میں بہت غلطی کر دی ہم نے۔ نیک کاموں سے روکنے لگے اور بُرائی کی حوصلہ افزائی کرنے لگے۔ اَب خود سوچیں اور بہت دیانتداری سےخود کو جواب دیں کہ کیا ایسا نہیں کرتےہم ؟ ویسے تو اِس بات پر الگ بحث ہے کہ ہم اس بات پر بھی یقین رکھتے ہیں یا نہیں کہ اللہ دیکھ رہا ہے-آج ذرا خود کو ٹٹولیں اور یہ جواب دیں کہ کتنی بار ہم نےاس بات پر آواز اُٹھائی کہ بے پردگی اسلام میں منع ہے (اس کے متعلق تو حدیث بھی ہےاور سورۃ احزاب میں واضع حکم بھی) ، کتنی بار ہم نے اپنے سوشل پلیٹ فارم کو اس بات کے لیئے استعمال کیا کہ ہم یہ باور کرائیں کہ موسیقی حرام ہے، (ہمارے نبی نے اپنےکانوں میں انگلیاں ڈال لیں تھیں جب ان کو موسیقی کی آواز آئی)، کتنی بار ہم نے اس بات کے لیئے آواز اٹھائی کہ ٹی وی کے ذریعے جو فحاشی پھیلائی جا رہی ہے اس کو بند کیا جائے، کتنی بار ہم نے مخلوط تعلیم اور محافل کے لیئے آواز اُٹھائی،فہرست بہت طویل ہےکہاں تک اپنی بے حسی کا ثبوت دیا جائے۔ ان تمام موضوعات پر تو ہم بات کرنا ہی نہیں چاہتے کیونکہ یہ ہمارے نفس کو گراں گزرتا ہے۔ ہمارے مزے ختم ہو جائیں گے، لذّتیں ختم ہو جائیں گی اور اسی لیئے ہم اس کے لیئے تاویلیں گھڑتے رہتے ہیں، ایسے نا اہل لوگوں کا سہارا لیتے ہیں جو وہ بات کریں جو ہماری منشا کے عین مطابق ہو۔ مگر سوچنے کی بات یہ ہے کہ یہ مزے اور لذّتیں کتنے دن کی ہیں، اس کے بعد تو اندھیری رات ہے۔ مَنوں مٹّی کے نیچے لیٹے ہم ، تنگ قبر اور گُھٹن۔ پھر خیال آئے گا کہ کیسا گھاٹے کا سودا کیا ہم نے جس میں محض خسارا ہی خسارا ہے۔ ابھی بھی وقت ہے سنبھلنے کا، اس بات پر غور کرنے کا کہ کیا ہم واقعئی اس نبی کے امّتی ہیں جو اپنے آخری وقت میں بھی ہمارے لیئے خیر مانگتے رہے۔کوشش کریں دین کی فلاح کے لیئے آواز اُٹھائیں نہ کہ شر کی بقا کے لیئے۔ (سبین محبوب/ سبزواری)

Comments


Subscribe Form

©2020 by Baithak. Proudly created with Wix.com

bottom of page