دُعا اور یقین
- Baithak | بیٹھک
- Jun 4, 2020
- 2 min read
انتخاب: سبین سبزواری

یہ دونوں آیات سورہ مریم کی ہیں اور دونوں کا معانی ایک ہی ہے۔ ایک جگہ یہی بات زکریا علیہ السلام نے فرمائی ہے۔ دوسری جگہ یہ بات ابراہیم علیہ السلام نے فرمائی ہے۔ اور کیا فرمایا ہے ان دونوں انبیاء نے؟ ”اور میں کبھی اپنے رب سے مانگ کے نامراد نہیں رہا۔ “ اور “امید ہے کہ اپنے رب سے مانگ کے میں کبھی نامراد نہیں رہوں گا۔” ان دونوں انبیاء کی اس دعا کے بعد اللہ تعالی نے ان کوناممکن حالات میں اولاد عطا کی۔ یعنی ان کی سب سے بڑی دنیاوی خواہش کو پورا کیا۔ ہمارے انبیاء کو جس بات کا یقین تھا، وہ اب ہمیں نہیں رہا۔ ہم دعا مانگتے ہیں تو ساتھ ہی سو وسوسے ہمارے ذہن میں ہوتے ہیں۔ پتہ نہیں یہ قبول ہوگی بھی یا نہیں۔ میرے لیےاچھی ہوگی یا نہیں۔ اور اگر یہ سب ہوگا تو کیسے ہوگا؟ میں کیا کروں؟ کیسے پلان کروں کہ سب ٹھیک ہوجائے؟ نہیں یہ تو ہو ہی نہیں سکتا۔ اور کب سے مانگ رہی ہوں ابھی تک ہوا کیوں نہیں؟ ۔

کیا آپ بھی کوئی ایسی دعا مانگ رہے ہیں جو قبول نہیں ہو رہی؟ اور وہ دعا آپ کی زندگی کا سب سے بڑا غم بن چکی ہے؟ آپ کوسمجھ نہیں آتا کہ کیسے ہوگا یہ، کب ہوگا۔ وہ ایک دعا آپ کی زندگی بدل سکتی ہے لیکن وہ پوری نہیں ہوتی۔اگر ایسا ہے تو یہ آیت آپ کے لیئے ہے۔ آپ کے انبیاء جو آپ کے روحانی باپ ہیں جب وہ اپنے رب سے مانگ کے کبھی نامراد نہیں رہے، تو آپ نے حوصلہ کیوں چھوڑ دیا؟ ابھی سے ہمت کیوں ہار دی؟ کیوں یہ سوچنے لگ گئے کہ یہ چیز آپ کی قسمت میں نہیں ہے؟ ہو سکتا ہے وہ آپ کی قسمتمیں اس طرح لکھی ہو کہ اگر یہ شدید دعا کرے تو اس کو یہ چیز دے دی جائے۔ کیا ہماری دعا شدید ہوتی ہے؟ کتنی دفعہ تہجد میں اٹھ کے آپ نے وہ دعا مانگی؟ کتنی دفعہ صدقہ دے کر وہ دعامانگی؟ کتنی دفعہ اپنے ایسے گناہ ترک کیے جو آپ کو خود بھی معلوم ہےکہ اس دعا کے قبولیت کے راستے میں رکاوٹ ہیں؟ کیا آپ نے دعا مانگنے میں حد کردی؟ اگر نہیں تو اللہ تعالی کو الزام نہ دیا کریں۔ وہ آپ کی دعا ضرور قبول کرے گا۔ آپ نے مانگنے میں حد کردینی ہے۔ اتنی جلدی ہار نہ مانا کریں کہ بھئی یہ چیز میرے لیے اچھی نہیں ہوگی، یا یہ میری قسمت میں ہی نہیں ہے۔ اللہ کے خزانوں میں کمی نہیں ہے۔ اللہ کے لیے سب ممکن ہے۔ آپ اللہ سے مانگ کےکبھی نامراد نہیں رہیں گے۔ بس مانگنے کا ڈھنگ آنا چاہیے۔قرآن پڑھ رہے ہیں؟ قرآن پڑھنے کے بعد مانگی دعائیں ضرور قبول ہوتی ہیں اگر اللہ چاہے۔ اس وقت کو ضائع نہ کیا کریں۔ خوب ساری دعائیں مانگا کریں۔ اللہ تعالی آپ کی دعائیں قبول کرے۔ آمین
Comments