قائدِ اعظم ۔ سوانح حیات
- Baithak | بیٹھک
- May 29, 2020
- 2 min read
تعارف: ادیب آن لائن
"قائدِ اعظم" محترم چراغ حسن حسرتؔ کی لکھی چند اہم ترین سوانح حیات میں سے ایک ہے۔ اس کتاب میں قائدِ اعظم کی زندگی اور ان کی سیاسی جدّوجہد کو مختصر مگر جامع انداز میں قلمبند کیا گیا ہے۔
محمد علی جناح ۲۵ دسمبر ۱۸۷۶ء میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم کراچی میں سندھ مدرسۃ الاسلام اور کرسچن مشنری سوسائٹی ہائی اسکول سے حاصل کی۔ والد جناح پونجا نے ایک دوست کے مشورے پر بیرسٹری کی اعلیٰ تعلیم کے لئے انگلستان بھجوا دیا جہاں لنکن ان سے بیرسٹری مکمل کی اور واپس ہندوستان لوٹے اور اپنی انتھک محنت اور قابلیت سے بہت جلد ایک کامیاب وکیل کی حیثیت سے مشہور ہو گئے۔

کراچی کے پیدائشی اور لنکن ان سے بیرسٹری کی تربیت حاصل کرنے والے جناح، بیسویں صدی کے ابتدائی دو عشروں میں آل انڈیا کانگریس کے اہم رہنما کے طور پر ابھرے۔ اپنی سیاست کے ابتدائی ادوار میں انہوں نے ہندو مسلم اتحاد کے لیے کام کیا۔ ۱۹۱۶ء میں آل انڈیا مسلم لیگ اور آل انڈیا کانگریس کے مابین ہونے والے میثاقِ لکھنؤ کو مرتب کرنے میں بھی انہوں نے اہم کردار ادا کیا۔ جناح آل انڈیا ہوم رُول لیگ کے اہم رہنماوں میں سے تھے، انہوں نے چودہ نکات بھی پیش کیے، جن کا مقصد ہندوستان کے مسلمانوں کے سیاسی حقوق کا تحفظ کرنا تھا۔
محمد علی جناح ۱۹۱۳ء سے لے کر پاکستان کی آزادی ۱۴ اگست ۱۹۴۷ء تک آل انڈیا مسلم لیگ کے سربراہ رہے، پھر قیام پاکستان کے بعد اپنی وفات تک، وہ ملک کے پہلے گورنر جنرل رہے۔ ان کا انتقال ۱۱ ستمبر ۱۹۴۸ء کو کراچی میں ہوا۔ ۔۔۔۔ یہ کتاب بچوں اور بڑوں سب کے لئے تاریخی اعتبار سے اہم ہے۔
ایک جگہ مصنّف لکھتے ہیں۔۔۔۔۔۔ "لیگ کے لیے یہ بڑی آزمائش کا زمانہ تھا۔ اسے ایسا معلوم ہوتا تھا کہ چاروں طرف اندھیرا ہی اندھیرا چھایا ہوا ہے۔ کبھی کالے کالے بادلوں میں بجلی کی چمک اٹھتی ہے تو سامنے پگڈنڈی کی سپید سپید سی لکیر نظر آ جاتی ہے۔ پھر وہی اندھیرا چھا جاتا ہے۔ اس عالم میں یکبارگی بجلی چمکی۔ مایوسی اور بے یقینی کی کالی گھٹائیں ٹکڑے ٹکڑے ہو گئیں۔ اب جو دیکھا تو معلوم ہوا کہ پگڈنڈی سے ہٹ کر ایک خاصی چوڑی سڑک ہے جو اگرچہ دھندلکے کی چادر میں لپٹی ہوئی ہے لیکن اسے دیکھ کر یہ معلوم ہوتا ہے کہ اس سڑک پر بڑھتے چلیں تو آزادی کی منزل پر ضرور پہنچا جا سکتا ہے۔"
یہ کتاب پہلی بار ۱۹۷۶ء میں شائع ہوئی تھی جس کی ڈیجیٹل اشاعت کا اہتمام ادیب آن لائن کے پلیٹ فارم سے کیا گیا ہے۔ کتاب کو مزید دلچسپ بنانے کے لئے قائدِ اعظم کی زندگی کے مختلف ادوار کے ساتھ ساتھ دیگر شخصیات کی تصاویر بھی شامل کر دی گئی ہیں۔ امید ہے کہ یہ کتاب پڑھنے والوں کو مفید تاریخی معلومات فراہم کرے گی۔
کتاب پڑھنے کے لئے ابھی ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔
Comments